سندھ میں ایک سال کے دوران ایچ آئی وی /ایڈز کے 2662 سے زائد کیسز رپورٹ

سندھ میں ایک سال کے دوران ایچ آئی وی /ایڈز کے 2662 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

کمیونیکیبل ڈیزیز کنٹرول ایچ آئی وی / ایڈز سندھ نے سالانہ کارکردگی رپورٹ جاری کردی، جس کے مطابق کزشتہ سال (2022) کے دوران صوبے بھر میں 10 لاکھ 39 ہزار 802 افراد کی اسکریننگ کی گئی۔

اسکریننگ کمیونیکیبل ڈیزیز کنٹرول سینٹرز، 26 جیلوں، تھیلیسیمیا و ہیموفیلیا مراکز اور میڈیکل کیمپوں سمیت مختلف پوائنٹس پر کی گئی۔

یہ اسکریننگ سی ڈی سی سینٹرز، 26 جیلوں، تھیلیسیمیا مراکز، ہیموفیلیا سینٹرز اور میڈیکل کیمپوں سمیت مختلف پوائنٹس پر کی گئی۔

رپورٹ کے مطابق اسکریننگ کے دوران ایچ آئی وی کے 2662، ہیپاٹائٹس بی کے 310 اور ہیپاٹائٹس سی کے ایک ہزار 187 کیسز رپورٹ ہوئے۔

کراچی سمیت سندھ کی 20 جیلوں میں ایچ آئی وی کی تشخیص کے لئے 8 ہزار 811 قیدیوں کی اسکریننگ کی گئی۔ کراچی اور حیدرآباد کی 5 جیلوں میں ایچ آئی وی کے 26 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے۔

کیمیونیکیبل ڈیزیز کنٹرول ایچ آئی وی/ ایڈز کے مطابق کراچی کی چار جیلوں میں 5 ہزار 144 قیدیوں کی اسکریننگ کی گئی، اور ایک خاتون سمیت 21 قیدی ایچ آئی وی مثبت پائے گئے۔ یہ قیدی کراچی سینٹرل جیل اور لانڈھی جیل میں قید ہیں۔

جو خاتون قیدی ایچ آئی وی پازیٹیو پائی گئی ہے وہ غیر ملکی ہے اور غیرملکی قیدی کئی برس سے قید ہے۔

اسی طرح حیدرآباد جیل میں دو ہزار 193 قیدیوں کی اسکریننگ کی گئی، جن میں سے 4 قیدی ایچ آئی وی پازیٹو پائے گئے ۔

اسکریننگ کے دوران کراچی کی جیلوں میں 68 قیدی ہیپاٹائٹس بی اور 242 ہیپاٹائٹس سی سے متاثر نکلے۔

اسی طرح حیدرآباد میں 66 قیدی ہیپاٹائٹس بی اور 143 ہیپاٹائٹس سی، نوابشاہ میں ہیپاٹائٹس بی کے تین سی کے 7، میرپورخاص میں ہیپاٹائٹس بی کے 9 اور ہیپاٹائٹس سی کے 7 قیدی شامل ہیں۔

کیمیونیکیبل ڈیزیز کنٹرول ایچ آئی وی/ ایڈز کے مطابق تھیلیسیمیا مراکز میں ایک ہزار 862 اور ہیموفیلیا مراکز میں 900 بچوں کی اسکریننگ کی گئی، ہیموفیلیا کا شکار ایک بچہ ایچ آئی وی ، 4 ہیپاٹائٹس بی اور 128 بچے ہیپاٹائٹس سی سے متاثر نکلے۔

اسی طرح بلڈ بینکس میں 5 لاکھ 28 ہزار 662 افراد کے خون کے نمونوں کی اسکریننگ کے دوران 245 ایچ آئی وی پازیٹو نکلے۔